سرگودھا پریس کلب کی نومنتخب قیادت کی تقریب حلف برداری
سرگودھا پریس کلب کی نومنتخب قیادت کی تقریب حلف برداری حامد حمید نے عہدیداران سے حلف لیا ،سب کو ساتھ لے کر چلیں گے محمد کامران ملک
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) جمہوری روایات کے تسلسل کوبرقراررکھتے ہوئے سرگودھا پریس کلب کی نومنتخب قیادت کی حلف برداری کی پروقار تقریب ظفر علی خان ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں صحافیوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ مہمانانِ خصوصی ماجد بن احمد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سرگودھا اور چوہدری حامد حمید سابق رکن قومی اسمبلی و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری تھے ۔تقریب کا باقاعدہ آغاز جنرل سیکرٹری شیخ محمد رضوان نے تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ؐ سے کرایا۔ تلاوت کی سعادت عمر فاروق گوندل جبکہ نعت سید زوار کاظمی نے پیش کی۔اس موقع پر ایگزیکٹو باڈی کے نومنتخب عہدیداران کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا۔جن میں صدر عبدالحنان چوہدری، جنرل سیکرٹری محمد کامران ملک، سینئر نائب صدر ذوالفقار ہاشمی، نائب صدر رانا محمد اشرف، جوائنٹ سیکرٹری عمران گورائیہ، سیکرٹری اطلاعات میاں مقصود الحسن، فنانس سیکرٹری ارشد محمود ارشی اور اسجد منیر چوہدری شامل تھے ۔چوہدری حامد حمید نے ایگزیکٹو عہدیداران سے حلف لیا جبکہ ماجد بن احمد نے مجلسِ عاملہ کے اراکین انیس اکرم، میاں محسن، عبدالوہاب،نعیم فیصل مرزا، اسرار وڑائچ، تصور ملیانہ، شیخ عثمان، محمود ڈوگر اور اسجد منیر چوہدری سے حلف لیا۔منتقلی اقتدار کے مرحلے میں جنرل سیکرٹری محمد کامران ملک نے خطاب کرتے ہوئے ممبران کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ سب کو ساتھ لے کر چلیں گے اور ادارے کی بہتری کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ بعدازاں صدر عبدالحنان چوہدری نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا پریس کلب نے شفاف اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے جمہوری اقدار کو مزید مضبوط کیا ہے ۔
جس پر آج ہر رکن مطمئن اور پْراعتماد دکھائی دیتا ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ صحافی کالونی کے منصوبے کو تیز کیا جائے گا اور میڈیا ٹاور کے قیام کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سال پریس کلب کی تیز رفتار ترقی اور ممبران کی فلاح و بہبود کا سال ثابت ہوگا۔مہمانِ خصوصی ماجد بن احمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وڑن کے مطابق صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ ہمہ وقت حاضر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر عمارتوں سے نہیں بلکہ لوگوں کے کردار، نظم و ضبط، اتحاد اور خدمت کے جذبے سے بنتے ہیں، اور صحافی معاشرے کی آنکھ، کان اور آواز ہیں۔چوہدری حامد حمید نے اپنے خطاب میں کہا کہ سرگودھا پریس کلب ایک تاریخی، جمہوری اور مثبت روایات کا حامل ادارہ ہے جہاں ہونے والا جمہوری عمل دیگر اداروں کے لیے مثال ہے ۔ انہوں نے صحافی کالونی اور میڈیا ٹاور کے منصوبوں میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ صحافیوں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔تقریب کے اختتام پر سینئر نائب صدر ذوالفقار ہاشمی نے اجتماعی دعا کرائی ۔