پاکستان کی زبوں حالی حکمرانوں کی غلط حکمت عملی کا نتیجہ، سمیرا ملک
حکمران نیک نیتی کیساتھ میرٹ کی بنیاد پر کام کریں تو ملک کی تقدیر بدل سکتی حکمرانوں نے تمام قومی وسائل کا رخ مراعات یافتہ طبقے کی جانب موڑ رکھاہے
خوشاب(نمائندہ دنیا )سابق وفاقی وزیر محترمہ سمیرا ملک نے کہا ہے کہ27رمضان المبارک کو معرض وجود میں آنیوالی اسلامی جمہوریہ پاکستان کی زبوں حالی حکمرانوں کی غلط حکمت عملی کا نتیجہ ہے ، حکمران اگر پسند ناپسند کی پالیسی پس پشت ڈال کر نیک نیتی کے ساتھ میرٹ کی بنیاد پر کام کریں تو ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے ، جوہر آباد میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ سیاسی اکابرین کے مابین ہم آہنگی کا فقدان،ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کی پالیسی اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ، حکمرانوں نے تمام قومی وسائل کا رخ مراعات یافتہ طبقے کی جانب موڑ رکھاہے اور عام آدمی کے حصے میں کچھ نہیں آتا ، محترمہ سمیرا ملک کا کہنا تھا کہ گر عوامی نمائندگان مکمل غیر جانبداری کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں تو عوام کے 80فیصد مسائل خود بخود حل ہو سکتے ہیں ،یہ ہماری قوم کی بد نصیبی یہ ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں پسند ناپسند کی پالیسی کو نظر رکھا جاتا ہے ، میرٹ سے کام کرنے اور عوامی مسائل کو نظر انداز کرنے کی پالیسی عوامی نمائندگان اور عوام کے مابین خلیج پیدا کر سکتی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندگان اور حکمرانوں کی جانب سے چہیتوں کو نوازنے اور سیاسی مخالفین کے علاقوں کو نظر انداز کرنے کی پالیسی کے سبب عوامی مسائل میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہر علاقہ سے منتخب ہونے والے عوامی نمائندہ صرف اپنے ووٹروں کانہیں پورے حلقہ انتخاب کا ترجمان ہوتا ہے اس لئے اسے چاہیے کہ وہ پورے حلقہ میں بلا امتیاز ترقیاتی کام کرائے اس سے نہ صرف عوام کے مسائل میں کمی آئے گی بلکہ اس کی عوامی مقبولیت میں بھی اضافہ ہو گا اور مستقبل میں بھی اس کی کامیابیوں کی راہیں ہموار ہونگی۔