کمیشن ایجنٹوں نے ذمہ داروں کے منہ بند کرکے منافع خوری کے ریکارڈ توڑ دیئے

 کمیشن ایجنٹوں نے ذمہ داروں کے منہ بند کرکے منافع خوری کے ریکارڈ توڑ دیئے

انتظامیہ نے کمیشن ایجنٹوں کے خلاف کاروائی کی بجائے کھلی چھوٹ دی،پھلوں کی مصنوعی قلت پیدا کر کے 300فیصد تک ریٹ بڑھا دیئے گئے ، لوگ بائیکاٹ کے لئے تیار

سرگودھا(نعیم فیصل سے ) کمیشن ایجنٹوں نے ذمہ داروں کے منہ بند کر کے پھل وغیرہ من مانی قیمتوں پر فروخت کرنے کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالے جبکہ صورتحال کے مطابق صارفین نے سوشل میڈیا پر پھلوں کے استعمال کے بائیکاٹ کیلئے پر تولنے لگے ، ذرائع سے انکشاف ہوا ہے کہ امسال انڈسٹریز ڈیپاورٹمنٹ کی واضح نشاندہی اور احکامات کے باوجود انتظامیہ نے رمضان المبارک سے قبل کمیشن ایجنٹوں کے خلاف کاروائی کی بجائے کھلی چھوٹ دی جس پر پھلوں کی مصنوعی قلت پیدا کر کے 200سے 300فیصد تک ریٹ بڑھا دیئے گئے اور جواز تراشا گیا کہ زیادہ تر پھل یہاں پیدا نہیں ہوتے اور باہر سے منگوائے جاتے ہیں اس لئے مہنگے فروخت کرنا پڑ رہے ہیں،یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی و دیگر انتظامی افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو کمیشن ایجنٹوں کی طرف سے مبینہ طور پر نوازا جاتا ہے۔

تاکہ انہیں کھل کر کام کرنے دیا جائے ، یہی وجہ ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے تاحال ذخیرہ اندوزوں اور بڑے مگر مچھوں کے خلاف کسی قسم کا کوئی ایکشن نہیں لیا گیا جس کی وجہ سے پھلوں کے ریٹ بھی ایک سطح پر برقرار اور عام صارف کی پہنچ سے مکمل طور پر دور ہیں،اور کمیشن ایجنٹوں کے سٹور ز پھلوں سے بھرے پڑے ہیں۔ تمام صارفین سے اپیل کی جا رہی ہے کہ افطاری کیلئے پھلوں کی خریداری بالکل بند یا بہت محدود کردی جائے تو پھلوں کی قیمتیں عام شہریوں کی پہنچ میں آسکتی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں