ہیلتھ اتھارٹی میں مالی بے ضابطگیوں اور اخراجات کا بوجھ بڑھ گیا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)محکمہ صحت سرگودھا میں بجٹ اور اخراجات کے عدم توازن کے باعث ادارہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہے ۔ انتظامیہ نے ایڈیشنل بجٹ کی متعدد درخواستیں تیار کر کے صوبائی حکام کو ارسال کی ہیں تاکہ مالی صورتحال کی سنگینی اجاگر کی جا سکے ۔
تاہم معاملات میں بہتری نہ آ سکی ہے ۔ذرائع کے مطابق، حالیہ دو مالی سالوں میں ہیلتھ اتھارٹی سرگودھا میں مالی بے ضابطگیاں بڑھ گئی ہیں۔ افسران کے سفری اخراجات کے جعلی بل، مختلف ہیڈز میں خریداریوں کے معاملات اور دیگر مالی لین دین میں قومی خزانے کو مبینہ طور پر کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے ۔ اس کے علاوہ انسداد ڈینگی، پولیو، ماں اور بچے کی صحت کے پروگراموں کے لیے مختص اضافی اخراجات بھی متنازعہ بن چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ چند ماہ میں یکے بعد دیگر تین سی اوز ہیلتھ کی تعیناتی کے باوجود ادارے میں کنٹرول قائم نہیں ہو سکا۔ طویل عرصے سے ایک ہی سیٹوں پر براجمان بااثر ملازمین و افسران کی اجارہ داری برقرار ہے ، جس کی وجہ سے موجودہ سی او ہیلتھ کے لیے ادارے کی بہتری اور مالی نظم و ضبط قائم کرنا ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے ۔یہ صورتحال صحت کے بنیادی پروگراموں اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر بھی منفی اثر ڈال رہی ہے ، جس پر فوری نگرانی اور اصلاحی اقدامات کی ضرورت ہے ۔