کالاباغ بازار میں صفائی کے ناقص انتظامات، شہری پریشان
کالاباغ (نمائندہ دنیا ) کالاباغ کے مین بازار، پیرچھٹا چوک، محلہ اہل حدیث اور محلہ اتلاپتن میں صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث گندگی کے ڈھیر بن گئے ہیں، جس کی وجہ سے بدبو،گرد و غبار اور پانی کے چھڑکاؤ اور جھاڑو کی کمی نے دکانداروں اور پیدل چلنے والے شہریوں کے لیے اذیت ناک صورتحال پیدا کر دی ہے ۔
انجمن تاجران کالاباغ کے سابق صدر چوہدری مطیع اللہ آرائیں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو مین بازار میں صفائی کے ناقص انتظامات سے آگاہ کیا گیا۔ مگر صفائی عملہ مسلسل خاموش رہا۔ اس کے نتیجے میں بازار میں بدبو، گرد و غبار اور گندگی کے ڈھیر نے نہ صرف مشکلات بڑھا دی ہیں بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی پیدا کر دیا ہے ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس مگسی سے مطالبہ کیا کہ مین بازار میں صفائی کے ناقص انتظامات کا فوری نوٹس لے کر پانی چھڑکاؤ، جھاڑو اور دیگر صفائی ستھرائی کے انتظامات کیے جائیں تاکہ شہریوں اور دکانداروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔