بہاولنگر کو موٹروے سے لنک کرنے پر کام کیا جائے ،صہیب بھرتھ

 بہاولنگر کو موٹروے سے لنک کرنے پر کام کیا جائے ،صہیب بھرتھ

بہاولنگر کو موٹروے سے لنک کرنے پر کام کیا جائے ،صہیب بھرتھ لاہور، سرگودھاسمیت ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کو منسلک کرنے کا جائزہ لیا جائے گا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کو موٹروے کے ساتھ لنک کرنے کے منصوبے پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، ایڈیشنل سیکرٹری، اسپیشل سیکرٹری، چیف انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران صوبہ پنجاب کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کو موٹروے نیٹ ورک کے ساتھ منسلک کرنے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے افسران کو اس حوالے سے باقاعدہ ورکنگ شروع کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مقامات کی نشاندہی کی جائے جہاں سے موٹروے کے ساتھ بآسانی لنک قائم کیا جا سکے ۔صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، گوجرانوالہ، ساہیوال، راولپنڈی اور بہاولپور سمیت ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کو موٹروے کے ساتھ مؤثر انداز میں منسلک کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بہاولنگر اور راجن پور کے اضلاع کو بھی موٹروے سے لنک کرنے کے حوالے سے ورکنگ کی جائے تاکہ ان علاقوں کے شہریوں کو بھی بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ منصوبے کی منصوبہ بندی کرتے وقت اس امر کو مدنظر رکھا جائے کہ شہری کم سے کم وقت میں موٹروے تک رسائی حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا عزم ہے کہ عوام الناس کو بہترین اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جائیں اور اس مقصد کے لیے صوبہ بھر میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے اقدامات جاری ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں