بازاروں میں رش غلط پارکنگ کھدائیاں ٹریفک نظام درہم برہم پیدل چلنا بھی مشکل
ٹریفک پولیس کا عملہ ٹریفک کو رواں رکھنے کی بجائے موٹر سائیکلوں چنگ چی رکشاؤں کے چالان کرنے میں مصروف ، روزے داروں کیلئے خریداری کرنا بھی جوئے شیر لانے کے مترادف
سرگودھا(نعیم فیصل سے ) بازاروں میں عید کی خریداری کے حواے سے رش معمول سے کئی گنا بڑھنے ،غلط پارکنگ اور اندرون شہر ترقیاتی کاموں کیلئے کی گئی کھدائیوں وتجاوزات کی وجہ سے ٹریفک نظام درہم برہم ہونے کے ساتھ ساتھ پیدل چلنا تک محال ہو چکا ہے ،ٹریفک پولیس کا عملہ ٹریفک کو رواں رکھنے کی بجائے موٹر سائیکلوں’ چنگ چی رکشاؤں کے چالان کرنے میں مصروف جبکہ روزے داروں کیلئے خریداری کرنا بھی جوئے شیر لانے کے مترادف ہوگیا ،شہر بھر کے بازاروں میں عید کی خریداری کیلئے رش انتہا کو پہنچ چکا ہے جس کی وجہ سے غلط پارکنگ بھی معمول بن گئی ہے ،کچہری بازار،فیصل بازار، سٹی روڈ، شاہین چوک ،نوری گیٹ’ شربت چوک بلاک نمبر 12’ سٹی روڈ’ غلہ منڈی گیٹ’ 47 پل’ لاری اڈا سمیت درجنوں مقامات پر شاہرائیں کھدائی کی وجہ سے سکڑ کر رہ گئی ہیں ،اس پر رہی سہی کسر موٹر سائیکل رکشہ اور آٹو رکشہ کے غیر قانونی سٹینڈز نے پوری کر دی ہے بعض مقامات پر عارضی تجاوزات کی موجودگی سے ٹریفک بند ہونے کا سلسلہ دراز اور صورتحال شہریوں کیلئے باعث تشویش بننے لگی ہے ،یہاں تک کہ راہگیروں کیلئے پیدل چلنا تک محال ہے ڈرائیورز جہاں دیکھتے ہیں وہاں بریک لگا کر ٹریفک جام کر دیتے ہیں جنہیں نہ کوئی پوچھنے والا ہے اور نہ ہی روکنے والا’ اگر کوئی شریف شہری آٹو یا چنگ چی رکشا کے ان غیر قانونی اڈوں کی روک تھام کیلئے کہے تو اس کی تذلیل کی جاتی ہے۔ ،ضلع و تحصیل حکام کی ڈنگ ڈپاؤ پالیسی مسائل میں اضافہ کا سبب بن رہی ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے بہتر پلاننگ کاغذی کاروائیوں تک محدود ہے مگر عملی طور پر صورتحال اس کے برعکس ہے کسی بھی بازار میں موٹر سائیکل پر جانا تو درکنار پیدل جانا بھی مشکل ہوگیا ہے