جعلی عامل علاج کے بہانے 44 لاکھ کے زیورات لے کر فرار
جعلی عامل علاج کے بہانے 44 لاکھ کے زیورات لے کر فرارعامل زمیندار کو کہا بہن کے علاج کیلئے زیورات لائے ، جو دھو کہ دیکر غائب کر دئیے
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سرگودھا میں ایک جعلی عامل نے زمیندار کی ہمشیرہ کا کالا جادو ختم کرنے کے علاج کے بہانے اسے کنگال کر دیا اور 44 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات لے کر فرار ہو گیا۔ نہ مریضہ صحت یاب ہوئی اور نہ ہی ملزم پکڑا جا سکا۔پولیس کے مطابق گاؤں 66 جنوبی کے رہائشی زمیندار اسد محمود نے اپنی بیمار ہمشیرہ کا علاج گاؤں 80 جنوبی کے عامل سے کروانا شروع کیا۔ جعلی عامل نے بتایا کہ خاتون پر کالا جادو ہوا ہے اور سونے کے زیورات پر عمل کرنے سے ہی کالا جادو ختم ہو سکتا ہے ۔ زمیندار نے علاج کے لیے گھر سے تمام طلائی زیورات لے آئے ، لیکن عامل نے دھوکہ دے کر زیورات غائب کر دیے اور ایک برتن میں مٹی ڈال کر کہا کہ خاتون کے ٹھیک ہونے پر کھولنا۔کئی ہفتے تک علاج کے باوجود مریضہ صحت یاب نہ ہوئی، اور جب برتن کھولا گیا تو زیورات غائب تھے ۔ واپسی کا مطالبہ کرنے پر ملزم نے دینے سے انکار کر دیا، جس پر زمیندار نے جعلی عامل کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔ متاثرہ کے مطابق ملزم پہلے بھی درجنوں فیملیوں کے ساتھ فراڈ اور دھوکہ کر چکا ہے ۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔