تفریحی مقامات پر جھولوں کی فٹنس سرٹیفکیٹ چیک کرنیکا حکم
تفریحی مقامات پر جھولوں کی فٹنس سرٹیفکیٹ چیک کرنیکا حکم ٹرانسپورٹ کے مقررہ کرایوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ،کمشنر سرگودھا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودھا نے عیدالفطر کے انتظامات کے حوالے سے ہدایت کی کہ پارکس اور تفریحی مقامات پر جھولوں کی فٹنس سرٹیفیکیشن فوری حاصل کی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے ۔ انہوں نے ٹرانسپورٹ کے مقررہ کرایوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے ، کرایہ ناموں کو نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ اس مقصد کیلئے خصوصی سکواڈز تشکیل دینے کا بھی حکم دیا گیا جو عید کے دنوں اور بعد از عید بھی متحرک رہیں گے اس کے ساتھ ساتھ کمشنر نے بازاروں میں تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو خریداری کے دوران کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ واسا کو ممکنہ بارشوں کے پیش نظر الرٹ رہنے ، ڈیوٹی روسٹر ترتیب دینے اور مشینری و عملے کو مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی،مزید برآں کمشنر نے سرگودہا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی گئی کہ عیدالفطر سے قبل، عید کے دوران اور بعد میں صفائی کے جامع انتظامات کیلئے مربوط پلان ترتیب دیا جائے اور اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ کمشنر نے تمام محکموں سے افسران و عملے کے ڈیوٹی روسٹر طلب کرتے ہوئے واضح کیا کہ عید کے ایام میں بھی فیلڈ سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور کارکردگی کا روزانہ جائزہ لیا جائے گا۔ کمشنر نے کہا کہ عوام کو عید کے موقع پر ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔