معرکہ حق ،سپورٹس اسٹیڈیم میں شاندار میوزک کنسرٹ

معرکہ حق ،سپورٹس اسٹیڈیم میں شاندار میوزک کنسرٹ

معرکہ حق ،سپورٹس اسٹیڈیم میں شاندار میوزک کنسرٹ قومی پرچموں کی بہار اور ’’پاکستان زندہ بادکے نعروں نے اسٹیڈیم کورنگوں سے بھر دیا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر ضلعی انتظامیہ سرگودھا کے زیر اہتمام سپورٹس اسٹیڈیم میں شاندار میوزک کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ سمیت دیگر فنکاروں نے ملی نغمے پیش کر کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی، آر پی او شہزاد آصف خان، ایم این ایز ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی، ارم حامد حمید ، ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری، ڈی پی او صہیب اشرف سمیت دیگر معززین پارلیمنٹرین، انتظامی افسران اور فیملیز نے کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا جبکہ قومی پرچموں کی بہار اور ’’پاکستان زندہ باد’’‘‘پاک فوج پائندہ باد’’ کے نعروں نے پورے اسٹیڈیم کو حب الوطنی کے رنگوں سے بھر دیا۔کمشنر سرگودھا نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق قومی اتحاد، قربانی اور بہادری کی عظیم مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گی اور نوجوان نسل کو وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کا پیغام دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ آر پی او شہزاد آصف خان نے کہا کہ پاکستان کے امن اور سلامتی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام نے ہمیشہ مثالی یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازی پوری قوم کا فخر ہیں جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ایم این اے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات نئی نسل میں حب الوطنی، قومی شعور اور اپنے ہیروز سے وابستگی کو فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل وقت میں متحد ہو کر وطن عزیز کے دفاع، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ میوزک کنسرٹ میں فنکاروں نے اپنے فن کے ذریعے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا جبکہ شہریوں اور نوجوانوں نے ملی نغموں پر بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں