تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بے قابو:عمر حیات خان
تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بے قابو:عمر حیات خانشہریوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو چکا ہے :ٹیچر رہنما کی گفتگو
کمرمشانی (نمائندہ دنیا )ٹیچر رہنما عمر حیات خان نے کہا ہے کہ حکومت امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کی آڑ میں بار بار تیل مہنگا کرنے سے پیدا ہونے والی مہنگائی کے جن کو قابو کرے ، کیونکہ حالیہ مہنگائی نے عوام اور ملازمین کی چیخیں نکال دی ہیں۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو چکا ہے جبکہ عام آدمی مزید غربت کا شکار ہو کر سڑکوں پر آنے پر مجبور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ایران جنگ کی آڑ میں مفاد پرست طبقے نے اشیائے ضروریہ کے من مانے نرخ مقرر کر رکھے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سرگرم مافیا حکومتی رٹ کو سرعام چیلنج کرتا دکھائی دے رہا ہے ، جبکہ اس تمام صورتحال میں مزدور اور سفید پوش طبقہ بری طرح پس کر رہ گیا ہے ۔ عمر حیات خان نے کہا کہ حکومت پاکستان عام شہریوں کے حقوق کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت وقت آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرنے کے بجائے عوام پر رحم کرے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری و مؤثر اقدامات اٹھائے ۔