سرگودھا میڈیکل کالج میں وائٹ کوٹ تقریب کا انعقاد
سرگودھا میڈیکل کالج میں وائٹ کوٹ تقریب کا انعقاد 150طلبہ و طالبات نے عملی زندگی کا آغاز کر لیا،مہمانوں کی بڑی تعداد کی شرکت
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سرگودھا میں وائٹ کوٹ تقریب کا پُروقار انعقاد کیا گیا جس میں ایم بی بی ایس کے آٹھویں بیچ اور بی ڈی ایس کے چوتھے بیچ کے 150 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔تقریب میں اساتذہ، والدین اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفور نیازی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید شعیب حسین شاہ، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سید حیدر رضا نے خصوصی شرکت کی۔تقریب کے دوران طلبہ و طالبات کو وائٹ کوٹ پہنائے گئے جو شعبہ طب میں ان کے عملی سفر کے آغاز، ذمہ داری اور انسانیت کی خدمت کے عزم کی علامت ہیں۔ اس موقع پر طلبہ سے حلف بھی لیا گیا جس میں انہوں نے عہد کیا کہ وہ اپنے پیشے کو دیانتداری، خلوص، اعلیٰ اخلاقیات اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کے ساتھ ادا کریں گے ۔چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفور نیازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب سرگودھا کے عوام کو بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ شہر میں یونیورسٹی سطح کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔دیگر مقررین نے کہا کہ وائٹ کوٹ صرف ایک لباس نہیں بلکہ اعتماد، فرض شناسی اور مریضوں کی خدمت کے عہد کی علامت ہے ۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں محنت، دیانتداری اور انسان دوستی کو اپنا شعار بنائیں۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے کالج انتظامیہ کو کامیاب اور شاندار تقریب کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔