ایگریکلچر مارکیٹنگ سسٹم میں بڑی بے ضابطگیوں کا انکشاف
ایگریکلچر مارکیٹنگ سسٹم میں بڑی بے ضابطگیوں کا انکشاف حکومتی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کی صورتحال افسران کی عدم توجہی سے مخدوش
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ایگریکلچر مارکیٹنگ سسٹم کو مربوط بنانے اور مارکیٹ کمیٹیوں کے وسائل بہتر طور پر استعمال کرنے سے متعلق حکومتی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کی صورتحال افسران کی عدم توجہی کے باعث مخدوش ہو گئی ہے ، جس کے نتیجے میں کاشتکاروں کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر میں ایگریکلچر مارکیٹنگ سسٹم روز بروز مسائل کا شکار ہوتا جا رہا ہے اور فوری اصلاحات کا متقاضی ہے ۔ مارکیٹ کمیٹیوں میں چیک اینڈ بیلنس کے فقدان اور دستیاب وسائل کے غیر مؤثر استعمال کے باعث صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے ، جبکہ سالانہ ریکوری اہداف کا حصول بھی رواں مالی سال ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے ۔دوسری جانب کاشتکاروں نے مارکیٹ کمیٹیوں میں مبینہ کرپشن اور ناقص انتظامات کو صورتحال کی خرابی کی بڑی وجہ قرار دیا ہے ۔ ان کے مطابق زرعی اجناس کا بڑا حصہ ضائع ہو رہا ہے جبکہ منڈیوں میں اضافی ادائیگیوں کے باوجود بنیادی سہولیات کی فراہمی تسلی بخش نہیں۔کاشتکاروں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیا جائے۔ اور مارکیٹ کمیٹیوں کے نظام میں شفافیت اور بہتری کے لیے مؤثر اور مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے ۔