سیکرٹری لوکل گورنمنٹ،ڈپٹی کمشنر کو ترقیاتی سکیموں پر بریفنگ
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ،ڈپٹی کمشنر کو ترقیاتی سکیموں پر بریفنگ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں :شاہد زمان لک
بھیرہ (نامہ نگار )شاہد زمان لک نے حسین احمد رضا چودھری کے ہمراہ بھیرہ میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ اور معائنہ کیا۔اس موقع پر نمرہ اویس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام ستھرا پنجاب پروگرام میاں متین یاسین اور دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ڈپٹی کمشنر کو جاری ترقیاتی سکیموں، خصوصاً نکاسی آب اور بارشی پانی کے مسائل کے حل کے لیے جاری منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔شاہد زمان لک نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی معیار پر خصوصی توجہ دی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے ویژن کے مطابق عوامی فلاحی منصوبوں میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری نے متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کی جائے اور ضرورت پڑنے پر اضافی مشینری اور افرادی قوت کو بروئے کار لایا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی مسائل کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔