عیدالاضحیٰ 10 جانوروں کے عارضی سیل پوائنٹس قائم

عیدالاضحیٰ 10 جانوروں کے عارضی سیل پوائنٹس قائم

چیکنگ کمیٹیاں تشکیل ،سیل پوائنٹس پر صاف پانی، سایہ، چارہ، روشنی، پارکنگ، بیت الخلاء اور صفائی ستھرائی جیسی بنیادی سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی

سرگودھا (سٹاف رپورٹر )عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے ضلع بھر میں ‘‘نو پرافٹ نو لاس’’ کی بنیاد پر 10 عارضی سیل پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں، جبکہ چیکنگ کمیٹیاں تشکیل دے کر ٹی او آرز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق حسین احمد رضا چوہدری کی ہدایت پر یہ سیل پوائنٹس فعال کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں اور مویشی فروشوں کو سہولت فراہم کی جا سکے ۔ ان سیل پوائنٹس پر بیوپاریوں سے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔تحصیل سرگودھا میں 3 سیل پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جن میں خوشاب روڈ کنارے لوئر جہلم کینال، ٹاہلی چوک نیو سیٹلائٹ ٹاؤن اور قرطبہ ٹاؤن شامل ہیں۔ اسی طرح دیگر تحصیلوں میں بھی مخصوص مقامات پر عارضی سیل پوائنٹس فعال کر دیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ تمام سیل پوائنٹس پر صاف پانی، سایہ، چارہ، لائٹنگ، پارکنگ، بیت الخلاء اور صفائی جیسی بنیادی سہولیات یقینی بنائی جائیں۔ ساتھ ہی ستھرا پنجاب، واسا، لوکل گورنمنٹ اور پولیس سمیت تمام متعلقہ اداروں کو متحرک رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام سیل پوائنٹس پر تین شفٹوں میں صفائی کا عمل جاری رکھا جائے جبکہ نکاسی آب اور دیگر شہری سہولیات بھی ہر صورت یقینی بنائی جائیں۔مزید برآں کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کو آگاہی مہم چلانے اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ، جبکہ پولیس کو مؤثر سکیورٹی پلان تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی گئی ہے تاکہ عید کے موقع پر پرامن ماحول برقرار رکھا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں