چوری کا مقدمہ درج کروانے پر مدعیہ کو پھر سے لوٹ لیا
چوری کا مقدمہ درج کروانے پر مدعیہ کو پھر سے لوٹ لیا ملزم نقدی،انگوٹھی، بالیاں، برقعہ، چادر اور جوتے بھی ساتھ لے گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) چوری کا مقدمہ درج کروانے پر مدعیہ کو پھر سے لوٹ لیا گیا،پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون عشرت بتول نے بتایا کہ8 روز قبل اس کے گھر چوری کی واردات ہوئی تھی، جس میں آٹھ لاکھ روپے سے زائد مالیت کا نقدی اور سامان چوری ہوا تھا۔ اس مقدمے میں ملزمان کو نامزد بھی کیا جا چکا ہے اور پولیس ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے ،مدعیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب ایک مسلح شخص اس کے گھر میں داخل ہوا، جس نے مبینہ طور پر اسے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، نازیبا حرکات کیں اور پستول کنپٹی پر رکھ کر مسلسل چوروں کے بارے میں معلومات پوچھتا رہا۔ خاتون کے مطابق ملزم نے اس سے قرآن پاک پر حلف بھی لیا اور دھمکی دی کہ اگر مقدمے کی مزید پیروی یا قانونی کارروائی کی تو وہ جان سے مار دی جائے گی،خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ملزم جاتے ہوئے نقدی، طلائی انگوٹھی، کانوں کی بالیاں، برقعہ، چادر اور جوتے بھی ساتھ لے گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تاہم ملزم فرار ہو چکا تھا،پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف ڈکیتی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔