ریلوے جنکشن پر پمپنگ اسٹیشن خراب، پانی کی فراہمی معطل

ریلوے جنکشن پر پمپنگ اسٹیشن خراب، پانی کی فراہمی معطل

ریلوے جنکشن پر پمپنگ اسٹیشن خراب، پانی کی فراہمی معطل مسافروں کو واش روم استعمال کرنے ، رفع حاجت اور دیگر امور میں دشواری

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) سرگودھا ریلوے جنکشن پر پمپنگ اسٹیشن کئی روز سے خراب ہونے کے باعث اسٹیشن پر رکنے والی ٹرینوں کی بوگیوں میں پانی کی فراہمی معطل ہو گئی، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،ذرائع کے مطابق پمپنگ اسٹیشن کی خرابی کے باعث مختلف مسافر ٹرینوں کی بوگیوں میں پانی نہیں بھرا جا رہا، جس سے طویل سفر کرنے والے مسافروں کو واش روم استعمال کرنے ، رفع حاجت اور دیگر ضروری امور میں دشواری پیش آ رہی ہے ۔ بوگیوں میں پانی ختم ہونے کے باعث صفائی کی صورتحال بھی متاثر ہو رہی ہے ،مسافروں نے بتایا کہ اسٹیشن پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی بھی ناکافی ہے ، جس کی وجہ سے خصوصاً بزرگوں، خواتین اور بچوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ شدید گرمی کے موسم میں پانی جیسی بنیادی سہولت کی عدم دستیابی ریلوے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ،شہریوں اور مسافروں نے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے جنکشن جیسے اہم اسٹیشن پر بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور ایسے مسائل کے مستقل حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں،دوسری جانب ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ پمپنگ اسٹیشن کی مرمت کا کام جاری ہے ، جس کے باعث اسے عارضی طور پر مکمل بند رکھا گیا ہے ۔ حکام کے مطابق مرمتی کام جلد مکمل کر کے پمپنگ اسٹیشن کو بحال کر دیا جائے گا، جس کے بعد ٹرینوں کی بوگیوں میں معمول کے مطابق پانی کی فراہمی دوبارہ شروع ہو جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں