اہلِ بیتِ اطہارؓ کی محبت مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ،پروفیسر حسان
اہلِ بیتِ اطہارؓ کی محبت مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ،پروفیسر حسان اسلام محبت، اخوت، اتحاد اور احترام کا درس دیتا ہے،معروف عالم دین
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) معروف عالمِ دین ڈاکٹر پروفیسر حسان عبید نے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمد ؐ کی محبت ایمان کی بنیاد ہے ، اور اہلِ بیتِ اطہارؓ سے محبت مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے ، اسی طرح صحابہ کرامؓ وہ مقدس ہستیاں ہیں جنہوں نے دینِ اسلام کی سربلندی، اشاعت اور حفاظت کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔ ان کا احترام اور محبت ہر مسلمان پر لازم ہے ،اسلام محبت، اخوت، اتحاد اور احترام کا درس دیتا ہے ، وہ جماعت اہلحدیث کے زیر اہتمام جامع مسجد ابوبکر، 91 شمالی سرگودھا میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ،ڈاکٹر پروفیسر حسان عبید نے امتِ مسلمہ پر زور دیا کہ وہ فرقہ واریت، نفرت انگیزی اور انتشار سے اجتناب کرتے ہوئے قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کرے ، اتحاد و اتفاق کو فروغ دے اور اپنے کردار و عمل سے اسلام کا حقیقی پیغام دنیا تک پہنچائے ۔