مریض فلاحی سوسائٹی کی فنڈنگ میں کمی ہو رہی ،عبدالحمید جوئیہ
مریض فلاحی سوسائٹی کی فنڈنگ میں کمی ہو رہی ،عبدالحمید جوئیہ فنڈ ریزنگ مہم کو مزید مؤثر اور ممبرشپ فیس میں اضافے پر غور کی ضرورت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) مریض فلاحی سوسائٹی سرگودھا کے صدر ملک عبدالحمید جوئیہ کے زیر اہتمام ماہانہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا اور ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال کے ایڈ یشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طارق محمود سے ملاقات کی جس میں فلاحی منصوبوں اور ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سینٹر کے قیام پر غور کیا گیا ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ملک عبدالحمید جوئیہ نے کہا کہ سوسائٹی کی فنڈنگ میں کمی واقع ہو رہی ہے ، لہٰذا فلاحی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے فنڈ ریزنگ مہم کو مزید مؤثر بنانے اور ممبرشپ فیس میں اضافے پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں کہا کہ مریض فلاحی سوسائٹی کی جانب سے (ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال ) سرگودھا کے آرتھوپیڈک وارڈ میں زیرِ علاج مستحق مریضوں کو مفت طبی آلات فراہم کرنے کے منصوبہ بھی زیرِ غور ہے ، جس پر جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مریض فلاحی سوسائٹی کی تمام فلاحی سرگرمیوں کو سوشل میڈیا پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں انفارمیشن سیکرٹری امیر افضل اعوان سے خصوصی تعاون کی درخواست کی گئی جس پر ملک امیر افضل نے انہیں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔