2 ارب 8 کروڑ 47 لاکھ کی 37 ترقیاتی سکیمیں منظور

2 ارب 8 کروڑ 47 لاکھ کی 37 ترقیاتی سکیمیں منظور

سرگودھا میں 93 کروڑ 60 لاکھ کی 14، خوشاب میں 83 کروڑ 10 لاکھ کی 9، بھکر میں 1 ارب 11 کروڑ 50 لاکھ کی 13 سکیمیں مکمل کی جائے گی مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا،ٹینڈرنگ اور دیگر قانونی کارروائیاں بلا تاخیر مکمل کی جائیں تاکہ منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جا سکے ، کمشنر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھا ڈویژن میں اپنے ذرائع آمدن سے 2 ارب 8 کروڑ 47 لاکھ روپے مالیت کی 37 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دیدی گئی ،تفصیل کے مطابق کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت چاروں اضلاع میں اپنے ذرائع آمدن سے شروع کی جانے والی ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سرگودھا ڈویژن میں اپنے ذرائع آمدن سے مجموعی طور پر 2 ارب 8 کروڑ 47 لاکھ روپے مالیت کی 37 ترقیاتی سکیموں کی نشاندہی کی گئی ہے ، جن پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع سرگودھا میں 93 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کی 14، ضلع خوشاب میں 83 کروڑ 10 لاکھ روپے مالیت کی 9، ضلع بھکر میں 1 ارب 11 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کی 13 جبکہ ضلع میانوالی میں ایک کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کی ایک ترقیاتی سکیم اپنے ذرائع آمدن سے مکمل کی جائے گی۔

اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے مجوزہ منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر سرگودھا نے ہدایت کی کہ جن ترقیاتی سکیموں کی متعلقہ فورمز سے منظوری ہو چکی ہے ، ان کی ٹینڈرنگ اور دیگر قانونی و انتظامی کارروائیاں بلا تاخیر مکمل کی جائیں تاکہ منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جا سکے ۔ اجلاس میں کمشنر نے بطور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سرگودھا، میونسپل کارپوریشن کی اپنے ذرائع آمدن سے 15 کروڑ روپے مالیت کی آٹھ ترقیاتی سکیموں کی بھی منظوری دے دی۔اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں