کندیاں ریلوے کالونی کے واٹر ٹینکس خستہ حال، مرمت کا مطالبہ
کندیاں ریلوے کالونی کے واٹر ٹینکس خستہ حال، مرمت کا مطالبہ مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث واٹر ٹینکس اپنی افادیت کھو چکے
میانوالی (نامہ نگار)محکمہ ریلوے کی مبینہ غفلت کے باعث ریلوے کالونی کندیاں میں برطانوی دور کے تعمیر شدہ واٹر ٹینکس خستہ حالی کا شکار ہو گئے ہیں، جس کے باعث ریلوے ملازمین اور مقامی شہری آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔مقامی افراد کے مطابق مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث واٹر ٹینکس اپنی افادیت کھو چکے ہیں۔ ٹینکس پر حفاظتی شیڈز موجود نہیں، جبکہ صفائی نہ ہونے سے پانی گدلا اور مبینہ طور پر مضر صحت ہو چکا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ واٹر ٹینکس کے اطراف خود رو جھاڑیاں اور گندگی جمع ہے ، جبکہ حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث آوارہ جانور اور پرندے بھی وہاں آتے ہیں، جس سے پانی مزید آلودہ ہونے کا خدشہ رہتا ہے ۔ریلوے کالونی کے رہائشیوں اور ملازمین نے ریلوے کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واٹر ٹینکس کی فوری صفائی، مرمت اور ان پر حفاظتی شیڈز نصب کیے جائیں تاکہ ملازمین اور شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کیا جا سکے ۔