سرگودھا میں آٹا مافیا بے قابو، انتظامیہ کی مبینہ خاموشی سے روٹی عوام کی پہنچ سے دور
سرگودھا میں آٹا مافیا بے قابو، انتظامیہ کی مبینہ خاموشی سے روٹی عوام کی پہنچ سے دور 15کلو آٹے کا تھیلا 2250 روپے تک پہنچ گیا ،کم وزن روٹی کی قیمت میں مزید 5روپے اضافہ کر دیا ،20روپے میں فروخت ، انتظامیہ خاموش ،شہری پریشان
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا میں آٹا مافیا بے قابو، انتظامیہ کی مبینہ خاموشی سے روٹی بھی عوام کی پہنچ سے دور ہونے لگی،تفصیل کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور پرائس کنٹرول نظام کی ناکامی کے باعث سرگودھا میں آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا سلسلہ جاری ہے ، آٹے کی قیمتیں ایک بار پھر بے قابو ہو گئی ہیں، اوپن مارکیٹ میں آٹا 150 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا، جبکہ 15 کلو آٹے کا تھیلا 2250 روپے تک پہنچ گیا ہے ،بنیادی ضرورت کی اس اہم ترین شے کی قیمتوں میں اضافے نے عام شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ۔ شہریوں کے مطابق مہنگائی کے اس طوفان میں انتظامیہ کی ڈنک ٹپاؤ پالیسی نے گرانفروشوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ، جس کے باعث تندور مالکان نے بھی کم وزن روٹی کی قیمت میں مزید 5 روپے اضافہ کر دیا ہے ضلعی انتظامیہ نے 100 گرام روٹی کے نرخ 14 روپے مقرر کر رکھے ہیں، مگر شہریوں کا کہنا ہے کہ سرگودھا میں بیشتر تندوروں پر نہ تو 100 گرام وزن کی روٹی ملتی ہے اور نہ ہی 14 روپے میں فروخت ہوتی ہے ، بلکہ روٹی کی قیمت 17 سے 20 روپے تک وصول کی جا رہی ہے ،شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بازاروں میں کارروائی کرنے کے بجائے دفاتر میں بیٹھ کر ریٹ لسٹیں جاری کرنے اور سب اچھا کی رپورٹس دینے تک محدود ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments