غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ،شہری راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور
غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ،شہری راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبوربجلی کی بار بار بندش کے باعث گھروں میں حبس اور گرمی کی شدت میں اضافہ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) شہر اور گردونواح میں بجلی کی بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی، شدید گرمی اور حبس میں خصوصاً رات کے اوقات میں وقفہ وقفہ سے بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کا سکون چھن گیا۔ کئی کئی گھنٹوں تک بجلی کی آنکھ مچولی سے بچے ، خواتین اور بزرگ شدید پریشانی کا شکار ہیں جبکہ دن کے اوقات میں بجلی کی بندش نے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر کردی ہیں۔شہریوں کے مطابق شہر اور ملحقہ علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھتا جارہا ہے ۔ شدید گرمی میں بجلی کی بار بار بندش کے باعث گھروں میں حبس اور گرمی کی شدت میں اضافہ ہوجاتا ہے ، جس سے بالخصوص بچوں اور بزرگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی کئی گھنٹوں تک بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث وہ راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں۔شہریوں نے شکوہ کیا کہ بجلی کی بندش کا کوئی واضح شیڈول بھی جاری نہیں کیا جاتا، جس کے باعث صارفین کو ہر وقت غیر یقینی صورتحال کا سامنا رہتا ہے ۔ دن کے اوقات میں بجلی کی بندش سے دکانوں، ورکشاپس، چھوٹے کارخانوں اور دیگر کاروباری مراکز میں کام بھی متاثر ہورہا ہے ۔تاجروں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی اور معاشی مشکلات کے باعث کاروباری سرگرمیاں دباؤ کا شکار ہیں، ایسے میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے مشینری اور برقی آلات کا استعمال متاثر ہونے کے ساتھ کاروبار کو مزید نقصان پہنچ رہا ہے ۔شہریوں نے کہا کہ بجلی کے بھاری بل باقاعدگی سے وصول کیے جارہے ہیں، تاہم بنیادی سہولت کی مسلسل فراہمی یقینی نہیں بنائی جارہی۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور اگر تکنیکی خرابی یا ضروری مرمت کے باعث بجلی بند کرنا ناگزیر ہو تو صارفین کو پیشگی اطلاع دی جائے تاکہ وہ اپنے معمولات بہتر انداز میں ترتیب دے سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments