تاجروں کا دکانوں پر لائٹس لگانے کی مبینہ پابندی پر احتجاج
تاجروں کا دکانوں پر لائٹس لگانے کی مبینہ پابندی پر احتجاجمبینہ زبردستی کے ذریعے کسی مخصوص اقدام کا پابند کرنا قابل قبول نہیں: رہنما
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)اردو بازار کے تاجروں نے میونسپل کارپوریشن اور لوکل انتظامیہ کی جانب سے 12 ربیع الاول کی مناسبت سے دکانوں پر لائٹس لگانے کی مبینہ پابندی اور عدم تعمیل کی صورت میں دکانیں سیل کرنے کی مبینہ دھمکی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا ہے ۔تاجروں کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ مذہبی عقائد اور مقدس ایام کا احترام سب کی ذمہ داری ہے ، تاہم کسی تاجر کو دباؤ یا مبینہ زبردستی کے ذریعے کسی مخصوص اقدام کا پابند کرنا قابل قبول نہیں۔ ان کے مطابق دکانوں پر لائٹس لگانے کا فیصلہ تاجروں کی رضامندی سے ہونا چاہیے اور اسے کسی قسم کی دھمکی سے مشروط نہیں کیا جانا چاہیے ۔تاجروں نے مؤقف اختیار کیا کہ انتظامیہ کے مبینہ سخت رویے سے بازار میں بے چینی پیدا ہورہی ہے اور اختلافات بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میونسپل کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ تاجروں کے ساتھ قانون اور باہمی احترام کے دائرے میں رہتے ہوئے معاملات طے کرے اور دکانیں سیل کرنے سے متعلق مبینہ دھمکی فوری واپس لی جائے ۔تاجر نمائندوں نے کہا کہ وہ 12 ربیع الاول کی خوشیوں اور مذہبی عقائد کا احترام کرتے ہیں، تاہم ایسے معاملات میں زبردستی کے بجائے باہمی مشاورت اور رضامندی کو ترجیح دی جانی چاہیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments