ستھرا پنجاب پروگرام: بے ضابطگیوں کی تحقیقات شروع
بھلوال میں صفائی بلوں کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے وصول کرنے کا انکشاف،بلوں کے نام پر رقم وصول کی ایک ماہ کے دوران مبینہ طور پر تقریباً 5 لاکھ وصول گاڑیوں کے ایندھن میں مبینہ خوردبرد کے معاملے پر 4 ملازمین کے خلاف مقدمہ درج ،کوئی بھی معاملہ منطقی انجام تک نہیں پہنچ سکا، کوئی کارروائی تاحال سامنے نہیں آئی
سرگودھا(نعیم فیصل سے ) ستھرا پنجاب پروگرام میں صفائی کے وسیع انتظامی ڈھانچے ، بھاری مالی وسائل اور جدید مانیٹرنگ کے دعووں کے باوجود سرگودھا میں پروگرام کے مالی و انتظامی معاملات مسلسل سوالات کی زد میں ہیں، کہیں صفائی گاڑیوں کے پٹرول و ڈیزل میں مبینہ خوردبرد پر مقدمات درج ہوئے تو کہیں دیگر مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات شروع ہوئیں، تاہم متعدد معاملات میں انکوائریوں کے حتمی نتائج اور ذمہ داروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی تاحال سامنے نہ آنے کے دوران اب بھلوال میں صفائی بلوں کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے وصول کرنے کا انکشاف سامنے آیاہے ۔ ذرائع کے مطابق ستھرا پنجاب بھلوال کے تحصیل منیجر محمد شہزاد کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا جس کے مطابق عون علی شاہ اکتوبر 2025 سے ریکوری ٹیم کا حصہ تھا اور مختلف وارڈز میں صفائی بلوں کی تقسیم کے عمل میں شامل رہا، تاہم ادارے کے مطابق بعد ازاں انکشاف ہوا کہ اس نے وارڈ نمبر 18، 16، 15، 3، 2 اور 1 میں ادارے کی اجازت یا مجاز حیثیت کے بغیر شہریوں سے ستھرا پنجاب کے بلوں کے نام پر رقم وصول کی ایک ماہ کے دوران مبینہ طور پر تقریباً 5 لاکھ روپے وصول کیے گئے ، پولیس نے بھلوال واقعہ کے ذمہ دار کے خلاف شہریوں سے ستھرا پنجاب کے بلوں کے نام پر مبینہ طور پر رقم وصول کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب سرگودھا میں ستھرا پنجاب کی صفائی گاڑیوں کے ایندھن میں مبینہ خوردبرد کے معاملے پر چار ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کیا جا چکا ہے ،دوسری جانب انتظامیہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ستھرا پنجاب کے نظام کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کے لیے اربوں روپے کے مشینری ،صفائی ورکرز کی اے آئی بیسڈ مانیٹرنگ کے دائرے کو وسیع کیا جا رہا ہے جس سے بہتری کا امکان ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments