ڈپٹی کمشنر کا مختلف دیہی و شہری آبادیوں کا اچانک دورہ
ستھرا پنجاب ایجنسی کا صفائی عملہ بھی علاقے میں موجود نہیں تھا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری نے ستھرا پنجاب کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے منگل کے روز مختلف دیہی و شہری آبادیوں کا اچانک دورہ کیا۔ چک نمبر 89 شمالی میں صفائی کی صورتحال غیر تسلی بخش پائی گئی جبکہ ستھرا پنجاب ایجنسی کا صفائی عملہ بھی علاقے میں موجود نہیں تھا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صفائی کے انتظامات فوری بہتر بنانے اور فیلڈ عملے کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے استقلال آباد اور ملحقہ علاقوں میں صفائی ستھرائی، ڈور ٹو ڈور گاربیج کلیکشن اور سڑکوں کے اطراف صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے صفائی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے اور کوڑا کرکٹ بروقت اٹھایا جائے ۔ انہوں نے سڑکوں کے اطراف موجود کوڑے کے ڈھیروں، مٹی، روڑے ، تعمیراتی ملبے اور دیگر غیر ضروری مواد کو فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سڑکوں کے اطراف صفائی اور کلیئرنس کے ساتھ تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آمدورفت میں مشکلات پیدا نہ ہوں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments