سموگ کا تدارک، پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، کمشنر
کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے لیے تمام محکمے مربوط انداز میں کام کریں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں گندم مہم 2026-27 اور سموگ و ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کی مہم 2026-27 کے حوالے سے ڈویژنل کمیٹیوں کی کارکردگی، اہداف اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔گندم مہم 2026-27 کے حوالے سے ڈائریکٹر زراعت توسیع نے بریفنگ دیتے ہوئے گندم کی کاشت کے مقررہ اہداف، کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی، معیاری بیج و زرعی مداخل کی دستیابی، آبپاشی اور دیگر متعلقہ امور پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ گندم کی پیداوار میں اضافہ اور کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز میں کام کریں۔
گندم مہم کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے فیلڈ میں مؤثر نگرانی اور ضلعی انتظامیہ و محکمہ زراعت کے درمیان قریبی رابطہ یقینی بنایا جائے ۔کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو کسان کارڈ کے تحت جاری رقوم کی ریکوری کا عمل فوری طور پر مکمل کرنے اور اس حوالے سے مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔سموگ کے تدارک کی مہم 2026-27 کے حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر EPA نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے ، سموگ کے اسباب کی روک تھام اور مختلف متعلقہ محکموں کی ذمہ داریوں بارے بریفنگ دی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ سموگ کے تدارک کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments