ترقیاتی فنڈز کے اجرا میں تاخیر، بیشتر منصوبے بند
فنڈز نہ ملنے پر بیشتر ٹھیکیداروں نے کام روک دیا ،شہریوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ،سرکاری وسائل کے ضیاع کا خدشہ بھی بڑھ گیا ،بند کام بحال کرائے جائیں :شہری حلقے
سرگودھا (سٹاف رپورٹر ) پنجاب حکومت کی جانب سے ترقیاتی فنڈز کے اجرا میں تاخیر کے باعث ساڑھے تین ماہ گزرنے کے باوجود نئے فنڈز جاری نہ ہو سکے ، جس سے بیشتر زیرِ تکمیل منصوبوں پر کام رک گیا ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔سرگودھا سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں رواں مالی سال کے ساڑھے تین ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود پہلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے مزید فنڈز جاری نہیں کیے گئے ، جس کے باعث متعدد منصوبے متاثر ہونے لگے ہیں۔ فنڈز اور ادائیگیاں نہ ملنے پر بیشتر ٹھیکیداروں نے کام روک دیا ہے ، جس سے نہ صرف ترقیاتی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں بلکہ ادھورے منصوبوں کے باعث شہریوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔
گزشتہ مالی سال کے دوران سرگودھا سمیت ڈویژن بھر میں 30 ارب روپے سے زائد مالیت کے سینکڑوں ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے کر ان کے لیے فنڈز جاری کیے گئے تھے اور ان پر کام بھی شروع کر دیا گیا تھا۔ تاہم نئے مالی سال میں مزید فنڈز کے اجرا میں تاخیر نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو غیر یقینی بنا دیا ہے ۔سرگودھا میں اس صورتِ حال سے بالخصوص واسا اور محکمہ ہائی وے کے منصوبے متاثر ہو رہے ہیں۔ تعمیراتی کام رکنے کے باعث شہریوں کو آمدورفت، سیوریج اور دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے ۔ ادھورے منصوبے شہریوں کے لیے سہولت فراہم کرنے کے بجائے پریشانی کا سبب بن رہے ہیں، جبکہ تعمیراتی کام طویل عرصے تک بند رہنے سے پہلے سے کیے گئے کام کو نقصان پہنچنے اور سرکاری وسائل کے ضیاع کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔
شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں منظور کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے رواں مالی سال کے آغاز پر بروقت فنڈز کیوں جاری نہیں کیے گئے اور ان منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے حکومت پنجاب نے کیا حکمتِ عملی اختیار کی ہے ؟شہری حلقوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ زیرِ تکمیل ترقیاتی منصوبوں کے لیے فوری فنڈز جاری کیے جائیں، بند کام بحال کرائے جائیں اور فنڈز کے اجرا میں تاخیر کی وجوہات واضح کرتے ہوئے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments