جڑانوالہ: اوباشوں کا گریجویٹ کالج کے سکیورٹی گارڈ پر تشدد
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) لڑکیوں کو چھیڑنے سے منع کرنے پر مبینہ طور پر اوباش لڑکوں کا گورنمنٹ گریجویٹ کالج کے سکیورٹی گارڈ پر بہیمانہ تشدد، کالج انتظامیہ کی ملزمان کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لیے درخواست۔
گورنمنٹ گریجویٹ کالج جڑانوالہ کے سکیورٹی گارڈ ساجد نے چند روز قبل علی شیر نامی نوجوان کو کالج ہٰذا کی طالبات کو چھیڑنے سے منع کیا، جس کا علی شیر کو شدید رنج تھا۔ وقوعہ کے روز علی شیر اپنے دوستوں کے ساتھ گورنمنٹ گریجویٹ کالج پہنچا، جہاں اس نے سکیورٹی گارڈ ساجد کو شدید زدوکوب کیا۔ سکیورٹی گارڈ پر تشدد کے دوران کالج میں کھلبلی مچ گئی۔ ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے ۔ زخمی سکیورٹی گارڈ کو ابتدائی طبی امداد دے کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ کالج ہٰذا کے ترجمان کے مطابق، ملزمان علی شیر وغیرہ کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے تھانہ سٹی میں درخواست دے دی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج کے متصل ایس پی اور ڈی ایس پی کے دفاتر موجود ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔