الائیڈ ہسپتال II میں ناقص صفائی پر ٹھیکیدار کو 2 لاکھ جرمانہ
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات کی روشنی میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں کی انسپکشن کا سلسلہ بلاتعطل جاری ہے ۔
انہوں نے الائیڈ ہسپتال II کا اچانک دورہ کیا اور صفائی کی ناقص صورتحال پر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ(پی ایم یو)کے ٹھیکیدار کو 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے سخت وارننگ بھی دی۔کمشنر نے وارڈز میں بیڈشیٹس صاف نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور گندی بیڈشیٹس اپنی موجودگی میں تبدیل کروائیں جبکہ دوبارہ شکایت موصول ہونے پر سخت کارروائی کی تنبیہہ کی۔انہوں نے وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ادویات کی ہسپتال سے فراہمی کی تصدیق کی۔ مشینری کے فعال ہونے کا جائزہ لیا جبکہ ہسپتال میں آگ بجھانے والے آلات کی دستیابی اور فنکشنل ہونے کو بھی چیک کیا۔کمشنر کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبہ میں مریضوں کو معیاری علاج اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔