گجرات :مختلف فوڈ پوائنٹس کونوٹسز‘جرمانے ‘ایک مقدمہ درج
گجرات (نامہ نگار،سٹی رپورٹر )ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی رضوان سعید نے ٹیم کے ہمراہ مختلف فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کی، جس کے دوران مجموعی طور پر 78مقامات کی چیکنگ کی گئی۔
معائنوں کے نتیجے میں 32فوڈ بزنس آپریٹرز کو وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 8 مقامات پر مجموعی طور پر 1لاکھ 12ہزار 500روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ایک سنگین خلاف ورزی پر ایف آئی آر بھی درج کی گئی۔ کارروائی کے دوران 20.1 کلوگرام زائد المیعاد اور ممنوعہ اشیائے خورونوش تلف کی گئیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر رضوان سعید نے واضح کیا کہ غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء کی فروخت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کو محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔