بااثر شخص نے بارات پرکتے چھوڑ دیئے ، دولہا کا بھائی زخمی
متاثرین نے دھرنا دے کر عمر کوٹ شاہراہ بلاک کردی، ٹریفک 3 گھنٹے تک معطل باراتیوں کا بااثر شخص راشد مری پر تشدد کا بھی الزام، تحقیقات کررہے ہیں، پولیس
کھپرو (نامہ نگار)کھپرو کے قریب دیہہ داکھنا میں بااثر شخص نے مبینہ طور پر باراتیوں پر کتے چھوڑ دیئے ، اور تشدد بھی کیا، جس سے دولہا کا بھائی شدید زخمی ہوگیا، واقعہ کے خلاف کولہی برادری کے سینکڑوں افراد نے عمرکوٹ تا کھپرو روڈ پر دھرنا دے کر احتجاج کیا، جس کے باعث سڑک تین گھنٹے تک ٹریفک کے لیے بند رہی۔ اس موقع پر متاثرہ شخص نیانو ولد پرتاب کولہی نے بتایا کہ ہم جانسری گاؤں سے بارات لے کر آئے تھے کہ داکھنا کے بااثر شخص راشد مری نے میرے بھائی پر کتے چھوڑے اور تشدد کیا، جس کے باعث وہ بے ہوش ہوگیا۔مظاہرین نے بااثر ملزم کی فوری گرفتاری کے لئے شدید نعرے بازی کی اور ایم این اے سانگھڑ شازیہ عطا مری اور ایس ایس پی سانگھڑ سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں کھاہی تھانے کے ایس ایچ او منیر جتوئی موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کے بعد روڈ کھلوا دی۔ اس موقع پر ایس ایچ او منیر جتوئی نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔