بہاولنگر سے بیٹی کو ملنے لاہور آیا شہری اغواء کے بعد قتل
لاہور (کرائم رپورٹر )ہارون آباد سے لاہور بیٹی کو ملنے آیا شہری اغواء کے بعد قتل کر دیا گیا ، شناخت نہ ہونے پر قصور پولیس نے لاش کو امانتاََ دفنا دیا ۔
تفصیلات کے مطابق بہاولنگر (ہارون آباد)سے آئے شہری امانت علی کو لاہور کے علاقہ گرین ٹاؤن سے نامعلوم ملزموں نے چھ فروری کواس وقت اغواء کر لیا جب وہ بیٹی کے گھر سے کھانا کھا کرچہل قدمی کیلئے باہر گیا تھا،واپس نہ آنے پر بیٹی نے تھانہ گرین ٹاؤن میں اپنے والد کے اغواء کا مقدمہ درج کرا یا۔ بعدازاں مغوی کی لاش ضلع قصور کے علاقے کھڈیاں والا سے ملی تو متعلقہ پولیس نے شناخت نہ ہونے پر لاش کی امانتاََ تدفین کر دی ۔ آخری اطلاعات تک لاش ورثا کے حوالے نہ کی جا سکی ، قبر کشائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کیا جائے گا ۔