برقع پوش ڈکیت گرفتار، تین بھائی 47 وارداتوں میں ملوث نکلے
ایک بھائی برقع پہنتا ، دوسرا خود کو شوہر ظاہر کرتا اورموقع ملتے ہی واردات کرتے سی سی ٹی وی فوٹیج سے تین بھائی عدیل، احمد اور عتیق پکڑے گئے ،اسلحہ بھی برآمد متعدد وارداتوں کا اعتراف ،کیس مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پولیس نے برقع پوش ڈکیت کو پکڑلیا جو اپنے بھائی کیساتھ خود کو میاں بیوی ظاہر کرتا اور گھروں کی ریکی کے بعد وارداتیں کرتا تھا۔پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے تینوں ملزم آپس میں بھائی ہیں اور اب تک چوری و ڈکیتی کی 47 سے زائد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔تھانہ فیصل ٹاؤن میں چندروزقبل درج مقدمے کے مطابق برقع پوش ایک مرد اور اس کا ساتھی فیصل ٹاؤن کے ایک گھر میں داخل ہوئے ، خواتین سے موبائل فون چھینے اور دھکے دے کر فرار ہو گئے ۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ مبینہ برقع پوش عورت دراصل مرد تھا جو وارداتوں کے لیے برقع استعمال کرتا تھا۔ایس ایچ او فیصل ٹاؤن افضال رؤف نے ٹیم کے ہمراہ تین رکنی گروہ کو گرفتار کیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی کے مطابق ملزموں کی گرفتاری جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔
ترجمان ماڈل ٹاؤن پولیس عثمان لیاقت نے بتایا کہ گرفتار ملزموں کا تعلق لاہور سے ہے ،ایک بھائی برقع پہنتا جبکہ دوسرا خود کو اس کا شوہر ظاہر کرتا تھا۔ دونوں موٹر سائیکل پر مختلف علاقوں میں گھروں کی ریکی کرتے اور موقع ملنے پر اہلِ خانہ کو یرغمال بنا کر واردات کرتے تھے ۔سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر تین بھائیوں عدیل، احمد اور عتیق کو گرفتار کیا گیا۔ ملزموں کے قبضے سے دو پستول اور موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔ ابتدائی بیان میں ملزموں نے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے جبکہ مزید انکشافات متوقع ہیں۔ کیس مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔