شہباز شریف کی محسن نقوی کی رہائش گاہ جاکر عیادت

 شہباز شریف کی محسن نقوی  کی رہائش گاہ جاکر عیادت

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی رہائشگاہ پر جاکر ان کی عیادت کی اور جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔

 محسن نقوی گزشتہ اتوار اسلام آباد میں مشتعل مظاہرین سے بات چیت کے دوران زخمی ہو گئے تھے ،محسن نقوی کے گھر پر ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے اپنے وزیر داخلہ کے ساتھ ملک کی داخلی سکیورٹی اور مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ محسن نقوی نے وزیراعظم کو امن و امان برقرار رکھنے کیلئے کئے گئے اقدامات سے متعلق بریف کیا۔ وزیراعظم نے داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے ۔ محسن نقوی نے بتایاکہ پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو اس ضمن میں واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔ محسن نقوی نے بتایا کہ میں ذاتی طور پر سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔ وزیر داخلہ کی ہدایت پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے گزشتہ روز خود اسلام آباد کے ریڈ زون کا دورہ کیا اور نماز جمعہ سے پہلے تمام علاقوں کی سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کو فون کر کے آذربائیجان کے ناخچیوان پر ہونے والے ڈرون حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے آذربائیجان کی قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں آذربائیجان کے برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت میں کھڑا ہے ۔ وزیرِ اعظم نے آذربائیجان کے صدر کو ایران اور خلیج میں جاری بحران کے حوالے سے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔صدر الہام علیوف نے وزیراعظم کا ٹیلی فونک رابطے پر شکریہ ادا کیا اور اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے یکجہتی اور حمایت کے جذبات کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا اور رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔دریں اثنا وزیراعظم سے وفاقی وزیرِ قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب کھچی نے ملاقات کی جس میں اورنگزیب کھچی نے وزیرِ اعظم کو اپنی وزارت کے حوالے سے بریفنگ دی اور قومی ورثہ اور ثقافت کی ترویج کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں