برکت مارکیٹ:گودام میں آتشزگی،کروڑوں کا سامان خاکستر

برکت مارکیٹ:گودام میں آتشزگی،کروڑوں کا سامان خاکستر

گھر میں کرسیوں کا غیرقانونی گودام بنایا گیا تھا، آگ لگتے ہی ملازمین نکل گئے ریسکیو کی 16 گاڑیوں،40کے قریب اہلکاروں نے 10گھنٹے بعد آگ پر قابو پایا

لاہور(کرائم رپورٹر )برکت مارکیٹ کے علاقے میں 4 کنال پر موجود گھر میں بنے کرسیوں کے گودام میں آتشزدگی سے کروڑوں کا سامان جل گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے 10 گھنٹوں بعد آگ پر قابو پا لیا، تاہم آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔بتایا گیا کہ غیر قانونی طور پر محلہ میں پلاسٹک کی کرسیوں کا گودام بنایا گیا تھا،آگ لگنے کے بعد دھویں کے بادل اٹھنے  لگے اور علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔اطلاع ملنے پر ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، ریسکیو کی 16 گاڑیوں اور 40 کے قریب ریسکیو اہلکاروں نے 10 گھنٹوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

آگ ویلڈنگ کرتے ہوئے ایک چنگاری سے لگی، جب تک ریسکیو کی ٹیمیں پہنچیں تب تک آگ پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے چکی تھی۔ریسکیو حکام کے مطابق گودام میں کروڑوں کا سامان پڑا تھا جو کہ جل گیا ہے ۔پلاسٹک کا سامان زیادہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تاہم آگ لگتے ہی وہاں پر موجود ملازم اپنی جان بچانے کے لیے بھاگ کر باہر آ گئے ۔دریں اثنا کینٹ گرجا گھر کے قریب برگر شاپ کے کچن میں بھی آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس سے کچن کا سامان جل گیا،بعدازاں ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں