بحیرہ احمر پر 81لگژری ریزورٹس کے سعودی منصوبے میں کمی
اقدام مملکت کے اربوں ڈالر کے’’گیگا پراجیکٹس‘‘میں حالیہ کٹوتیوں کا حصہ تعمیراتی سرگرمیاں سال کے اختتام پر روک دی جائینگی، آر ایس جی کی تردید
ریاض(اے ایف پی)سعودی عرب 2030 تک بحیرۂ احمر کے ساحل پر تعمیر کیے جانے والے 81 لگژری ریزورٹس کے منصوبے میں کمی کر رہا ہے ۔ یہ اقدام مملکت کے اربوں ڈالر کےگیگا پراجیکٹس میں حالیہ کٹوتیوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے ، جن کا مقصد معیشت کو تیل پر انحصار سے ہٹانا ہے ۔سات باخبر ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ منصوبے کے تحت ریزورٹس کی تعداد کم کی جا رہی ہے ۔ تاہم منصوبے کی ذمہ دار کمپنی ریڈ سی گلوبل (آر ایس جی)نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں 27 ریزورٹس کی تکمیل کے بعد منصوبہ بدستور جاری رہے گا۔ذرائع، جنہوں نے حساس معاملات پر بات کرنے کے لیے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط رکھی، کا کہنا ہے کہ تعمیراتی سرگرمیاں 2026 کے اختتام پر روک دی جائیں گی۔ اس فیصلے کے نتیجے میں آر ایس جی میں درجنوں اور کنٹریکٹنگ کمپنیوں میں سیکڑوں ملازمتیں متاثر ہو سکتی ہیں۔یہ منصوبہ سعودی عرب کے وسیع تر وژن کا حصہ ہے جس کے تحت سیاحت، ثقافت اور تفریح کے شعبوں کو فروغ دے کر معیشت کو متنوع بنایا جا رہا ہے ۔