روس جنگ میں شامل،ایران کا مدد گار:واشنگٹن پوسٹ:امریکی اڈوں پر ایرانی حملے،لڑائی جاری رہی تو خلیجی ممالک سے توانائی کی برآمدات بند:قطر
کویت اور یواے ای میں امریکی بیسزایران کا نشانہ ،بحرین میں 2ہوٹلوں، عمار ت پرحملہ ،سعودیہ ، قطرمیں ڈرون تباہ ،اسرائیل نے تہران میں بنکر اڑا دیا،حملے تیز کرینگے :امریکا پاکستانی سفارتخانہ کے قریب بمباری،وائٹ ہاؤس میں پادریوں کی ٹرمپ کیلئے دعائیں ،ثالثی کی کوششوں کا آغاز :مسعود پزشکیان،سرنڈر سے کم ڈیل نہیں ہوگی :امریکی صدر
تہران (نیوز ایجنسیاں )ایران نے مشرق وسطٰی جنگ کے ساتویں روز جمعہ کو اسرائیل پر نئے ڈرونز اور میزائل داغے ہیں ۔ایران کے پاسداران انقلا ب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے خلیج میں متعدد امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے ، جس میں متحدہ عرب امارات کے الظفرہ ایئر بیس اور کویت کے علی السالم ایئر بیس شامل ہیں، جہاں امریکی فوجی تعینات ہیں۔ عراقی کردستان میں حملے کے بعد امریکی آئل فیلڈ سے تیل کی پیداوار معطل ہوگئی ، سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ حملہ جمعرات کو دو ڈرونز کے ذریعے کیا گیا۔بحرین کا کہنا ہے کہ ایران نے اس کے دارالحکومت منامہ میں دو ہوٹلوں اور ایک رہائشی عمارت پر حملہ کیا ۔ وزارتِ داخلہ کا کہنا تھا کہ حملوں سے عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے ۔سعودی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ملک کے مشرقی خطے میں ایک ڈرون تباہ کیا گیا ہے ۔ پہلے سعودی عرب کی وزارتِ دفاع کے ترجمان کی جانب سے پرنس سلطان ایئر بیس کی طرف لانچ کئے گئے تین میزائلوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ بھی سامنے آیا تھا۔قطر کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اس کی فضائیہ نے کامیابی کے ساتھ ایک ڈرون حملہ ناکام بنا دیا، جس کا ہدف دوحہ میں امریکی فوجی اڈہ العدید ایئر بیس تھا۔
واضح رہے کہ یہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوج کا سب سے بڑا اڈہ ہے ۔قطر کے وزیرِ توانائی نے خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ جاری رہی تو خلیجی ممالک چند ہفتوں میں توانائی کی برآمدات روکنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔قطر کے وزیرِ توانائی سعد الکعبی نے فنانشل ٹائمز کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں واضح کیا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ تنازع جاری رہا اور تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تو تمام توانائی پیدا کرنے والے خلیجی ممالک چند ہفتوں میں برآمدات بند کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔اسرائیلی دفاعی افواج کے مطابق تہران میں ایک زیرِ زمین بنکر کو تباہ کر دیا گیا ہے ، جسے ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے استعمال کیلئے تیار کیا گیا تھا۔تہران کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ جب سے ایران پر امریکا اور اسرائیل نے حملے شروع کئے تب سے اب تک ایسی شدید بمباری نہیں ہوئی جیسی جمعرات اور جمعے کی درمیان شب کو ہوئی جبکہ امریکا کا کہنا ہے کہ حملے مزید تیز کئے جائیں گے ۔اسرائیلی دفاعی افواج نے کہا ہے کہ اس نے رات بھر بیروت پروسیع پیمانے پر حملے کئے ہیں۔فوج کا کہنا ہے کہ اس نے حزب اللہ کے کمانڈ مراکز اور ایک ایسی تنصیب کو نشانہ بنایا جہاں ڈرون ذخیرہ کئے گئے تھے جو اسرائیل پر حملوں کیلئے استعمال کئے جاتے تھے ۔ یہ سب دارالحکومت کے ضاحیہ علاقے میں ہوا۔ایران میں پاکستانی سفارتخانے کے پریس اتاشی نے بی بی سی نیوز کے عثمان زاہد کو تصدیق کی کہ جمعہ کی صبح سفارتخانے کے قریب شدید بمباری ہوئی۔
سفارتخانہ ایرانی فوجی تنصیبات کے قریب واقع ہے ، جن میں ایک فوجی تربیتی مرکز شامل ہے جبکہ سامنے ہی ایک ہسپتال بھی موجود ہے ۔تقریباً 50 پاکستانی سفارتی عملہ، جن میں سفیر مدثر ٹیپو بھی شامل ہیں، مشن میں موجود ہیں اور سب محفوظ ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں پادریوں کے ایک گروپ نے ایران کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران ہلاک ہو جانے والے امریکی فوجیوں اور صدر کیلئے مشکل وقت میں کامیابی کیلئے دعائیں کیں۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگ میں روس بالواسطہ شامل ہوکر ایران کو امریکی اہداف پر حملوں کے لئے خفیہ معلومات دے رہا ہے ۔امریکی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس نے ایران کو امریکی جنگی جہازوں اور طیاروں کی پوزیشنز فراہم کیں۔ ایران کے امریکی فوجی اہداف پر حملے روسی معلومات سے زیادہ درست ہوئے ، جنگ کے آغاز کے بعد روس ایران کو امریکی فوجی اثاثوں کی لوکیشن دیتا رہا۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی تنصیبات، ریڈار اور کمانڈ سینٹرز ایران کے نشانے پر ہیں، ایران کے حملے انتہائی درست اور منصوبہ بندی سے کئے جا رہے ہیں۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ چند ممالک نے ثالثی کی کوششوں کا آغاز کیا ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کاکہناہے کہ غیر مشروط سرنڈر کے علاوہ ایران سے کوئی ڈیل نہیں ہو گی۔دوسری طرف امریکا نے 72 گھنٹوں میں ایران کے 200 اہداف پر حملے کرنے اور 30 سے زائد بحری جہاز ڈبونے کا دعویٰ کیا ہے ۔