لاہور:سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے ، زیر حراست 4ملزم ہلاک
چاروں ملزموں کو ریکوری کیلئے لے جایا جا رہا تھا، ساتھیوں نے حملہ کردیا قصورمیں بھی ایک ملزم مارا گیا،چیچہ وطنی میں زخمی حالت میں ڈاکو گرفتار
لاہور،قصور،چیچہ وطنی، غازی آباد(کرائم رپورٹر،نمائندگان دنیا، نمائندہ خصوصی )صوبائی دارالحکومت میں سی سی ڈی پنجاب سے مبینہ مقابلے میں زیر حراست 4ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے جبکہ قصور میں بھی ایک ملزم مارا گیا، چیچہ وطنی میں ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہورکے علاقہ کاہنہ میں سی سی ڈی پنجاب کے اہلکار زیرحراست ملزموں کو ریکوری اور ساتھیوں کی نشاندہی کیلئے لے جا رہے تھے کہ راستے میں مبینہ طور پر ملزموں کے ساتھیوں نے گھات لگا کر پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں زیر حراست ملزم عرفان اور آصف فائرنگ کی زد میں آکر مارے گئے جبکہ حملہ آور فرار ہو گئے ۔اسی طرح گرین ٹاؤن کے علاقے میں سی سی ڈی صدر ڈویژن کے اہلکار زیرحراست 2ملزموں کو ریکوری کے لیے لے جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں زیرحراست ملزم گولیاں لگنے سے موقع پر دم توڑ گئے جبکہ حملہ آور فرار ہو گئے۔
پولیس نے چاروں ملزموں کی لاشیں پوسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے نامعلوم حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق چاروں ملزم دوران ڈکیتی اور مزاحمت کے دوران گولیاں چلانے کے واقعات میں ملوث تھے ۔ادھر قصور میں بھٹی ہسپتال نیو بائی پاس کے قریب ملزموں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 30سالہ ملزم جنید عارف اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔ریسکیو ٹیم نے لاش کو ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور منتقل کر دیا۔ جبکہ چیچہ وطنی کے تھانہ غازی آباد کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے میں ریکارڈ یافتہ ملزم سرور کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا گیا ، اسکے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق ملزم سرور کے قبضہ سے پسٹل اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے ۔ زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔