اٹھارہ ہزاری:12سالہ لڑکی زیادتی کے بعد قتل
ملہوانہ موڑ کے قریب ویران مکان سے عروج کی گلا کٹی لاش برآ مد ہوئی
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا )جھنگ کے نواحی علاقے ملہوانہ موڑ کے قریب ایک ویران مکان سے 12 سالہ لڑکی عروج فاطمہ کی گلا کٹی لاش برآمد ہوئی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے درندگی کا نشانہ بنانے کے بعد بے دردی سے قتل کیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور مقامی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بچی کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔پولیس کی ضروری کارروائی کے بعد بچی کی لاش لواحقین کے حوالے کر کے نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شہریوں نے درندہ صفت قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔اہل علاقہ اور لواحقین نے ڈی ایس پی صدر کی قاتل کو گرفتار کرنے کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا اور احتجاج کو منسوخ کرتے ہوئے بچی کو مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا ۔