راوی میں نہاتے باپ اور 2جڑواں بیٹے ڈوب گئے
منانواں کا شہباز ،بیٹے اظہر اور مدثر غلطی سے گہرے پانی میں چلے گئے موقع پربچوں کی ماں بے بسی کی تصویر بنی رہی، تینوں کی لاشیں نکال لی گئیں
فیروزوالہ ، کالاشاہ کاکو(تحصیل رپورٹر، نامہ نگار ) فیروزوالہ کے علاقہ کالا خطائی روڈ پرراوی سائفن کے قریب دریائے راوی میں نہاتے ہوئے باپ اور اسکے 2جڑواں بیٹے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ۔ لاہور کے تھانہ منانواں کے علاقے گانجا سندھواں کا رہائشی 36 سالہ شہباز رحمت اپنے 14 سالہ جڑواں بیٹوں اظہر اور مدثر کے ہمراہپکنک منانے کالا خطائی روڈپر راوی سائفن گیا، جہاں دریائے راوی کے کنارے نہاتے ہوئے تینوں باپ بیٹے غلطی سے گہرے پانی میں چلے گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے دریا کی بے رحم موجوں کی نذر ہوگئے۔
اس موقع پر بچوں کی ماں بھی موقع پر موجود تھی جو یہ ہولناک منظر بے بسی سے دیکھتی رہ گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کنٹرول شیخوپورہ نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے ریسکیو لاہور اور شیخوپورہ کی ٹیموں کو روانہ کیا۔ چار ایمرجنسی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچیں اور تینوں باپ بیٹوں کی تلاش کیلئے آپریشن شروع کیا۔ کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد ریسکیو ٹیموں نے دریا کی15فٹ گہرائی سے تینوں کی لاشیں نکال لیں۔جنہیں ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔