4سالہ مغوی بچہ بازیاب، مبینہ مقابلے میں اغوا کار ہلاک

 4سالہ مغوی بچہ بازیاب، مبینہ مقابلے میں اغوا کار ہلاک

پیرمحل،سندیلیانوالی (نمائندہ دنیا،سٹی رپورٹر )تھانہ اروتی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 سالہ مغوی بچہ عباد علی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا،

 جبکہ مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک اغوا کار ہلاک اور دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق چند روز قبل چک نمبر 755 گ ب کا رہائشی کمسن بچہ عباد علی گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ نامعلوم ملزمان اسے موٹر سائیکل پر اغوا کر کے فرار ہو گئے تھے ۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ اروتی میں درج کیا گیا جس پر ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ کی ہدایت پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ نکاسو پل کے قریب مشکوک موٹر سائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم ملز موں نے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم اپنی ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے ۔کارروائی کے دوران مغوی بچہ عباد علی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ زخمی اور ہلاک ہونے والے ملزمان کو آر ایچ سی اروتی منتقل کر دیا گیا۔ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ نے چک 755 گ ب کا دورہ کیا، بچے کو والدین کے حوالے کیا اور پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں