قطر کی غزہ جانے والے قافلے روکنے، امدادی کارکنوں کو حراست میں لینے کی مذمت

دوحہ: (دنیا نیوز) قطر نے غزہ جانے والے امدادی کشتیوں کے قافلے کو روکنے اور امدادی کارکنوں کو حراست میں لینے پر اسرائیل کی شدید مذمت کی ہے۔

قطری وزارتِ خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے بین الاقوامی پانیوں میں فلوٹیلا کو روکنا بین الاقوامی قانون، انسانی اقدار اور بحری سلامتی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ اقدام غزہ پر عائد غیر منصفانہ محاصرے کو مزید مضبوط کرتا ہے، فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی کارروائیاں اور فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے والوں کو ہراساں کرنا، غزہ میں پہلے سے موجود انسانی بحران کو مزید سنگین بنا رہا ہے۔

قطر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ غزہ کے سرحدی راستے کھولے جائیں، امدادی سامان کی ترسیل پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں۔

ترجمان نے عالمی برادری سے مزید مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے اور حراست میں لئے گئے تمام کارکنوں کو بلا شرط رہا کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں