کروشیا کے صدر کا اسرائیل کے سفیر کی تقرری کی منظوری دینے سے انکار
زغرب: (دنیا نیوز) کروشیا کے صدر زوران میلانویچ نے اسرائیل کے سفیر کی تقرری کی منظوری دینے سے انکار کر دیا ہے، جس کی وجہ انہوں نے موجودہ اسرائیلی حکومت کی پالیسیاں قرار دی ہیں۔
صدارتی دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے نامزد سفیر کو نہ تو صدر کی منظوری ملی اور نہ ہی آئندہ ملے گی۔
کروشیا کی صدارت ماضی میں سفیروں کی نامزدگیوں پر عوامی تبصرے سے گریز کرتی رہی ہے کیونکہ یہ سفارتی روایات کے مطابق ایک غیر تحریری اصول سمجھا جاتا ہے اسرائیل نے اس روایت سے انحراف کرتے ہوئے باضابطہ منظوری سے قبل ہی نامزد سفیر کا نام عوام کے سامنے ظاہر کر دیا۔
غیر ملکی سفیروں کو منظوری دینا یا مسترد کرنا کروشیا کا حق ہے اور یہ اختیار صدر مملکت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، کسی بھی قسم کا عوامی یا سیاسی دباؤ صدر کے فیصلے کو تبدیل نہیں کر سکتا۔