امریکی حملے کی صورت میں جوابی کارروائی کیلئے پوری طرح تیار ہیں: ایران
تہران: (دنیا نیوز) ایران کی خاتم الانبیا بریگیڈ نے خبردار کیا ہے کہ امریکی حملے کی صورت میں جوابی کارروائی کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔
ایران کی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ایران کی خاتم الانبیا بریگیڈ نے کہا کہ دوبارہ حملہ کیا گیا تو ایرانی فوج ٹریگر دبانے کے لئے تیار ہے، فوری، فیصلہ کن، طاقتور، وسیع تر پیمانے پر جوابی کارروائی کی جائے گی۔
خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل علی نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی نئی سٹریٹجک غلطی یا غلط اندازے کے مرتکب نہ ہوں۔
کمانڈر نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج ماضی کے مقابلے میں زیادہ مضبوط اور مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی نئی جارحیت کے جواب کے لئے انگلیاں ٹریگر پر ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر خبردار کیا کہ آئندہ کسی بھی غلطی کا سامنا پچھلی فوجی جھڑپوں سے کہیں زیادہ طاقتور ردِعمل سے ہوگا۔