گورنر سندھ کا سعد ایدھی کی اسرائیل میں گرفتاری پر شدید اظہار تشویش
کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے امدادی مشن پر جانے والے سعد ایدھی کی اسرائیل میں گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو روکنا عالمی انسانی اقدار اور قوانین کے خلاف ہے، سعد ایدھی اور ان کے ساتھی مظلوم فلسطینی عوام کے لئے خوراک، ادویات اور امدادی سامان لے کر جا رہے تھے۔
سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ فلاحی رضاکاروں کی گرفتاری انسان دوستی کے جذبے کو دبانے کی ناکام کوشش ہے، عالمی برادری فوری نوٹس لے اور امدادی کارکنوں کی محفوظ رہائی یقینی بنائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم انسانیت کی خدمت کرنے والے ہر فرد کے ساتھ کھڑی ہے، فلسطینی عوام کی مدد کے لئے اٹھنے والی ہر آواز انسانیت کی آواز ہے۔