سین ڈیاگو کے اسلامک سینٹر میں فائرنگ، محافظ ہلاک، 2 حملہ آور مارے گئے
کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سین ڈیاگو کے اسلامک سینٹر میں فائرنگ میں محافظ ہلاک اور کئی افراد زخمی ہوگئے جبکہ دونوں مشتبہ حملہ آور بھی مارے گئے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ 2 مشتبہ حملہ آوروں نے مسجد پر فائرنگ کی تھی، دونوں مارے گئے اور صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے، پولیس نے خیال ظاہر کیا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ نفرت پر مبنی جرم ہے اور دونوں مشتبہ حملہ آور کمسن تھے۔
واضح رہے کہ سین ڈیاگو کے اسلامک سینٹر میں فائرنگ کی گئی ہے وہ علاقے کا سب سے بڑا اسلامی مرکز ہے اور ناصرف یہاں 5 وقت کی نمازیں ادا کی جاتی ہیں اور 5 ہزار نمازی جمع ہوسکتے ہیں بلکہ یہاں سیمینار اور دیگر مذہبی تقاریب بھی منعقد کی جاتی ہیں اور الراشد سکول بھی اسی مرکز میں قائم ہے۔
مسجد انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ فائرنگ سے محافظ مارا گیا ہے تاہم اسکی شناخت ابھی سامنے نہیں لائی گئی، مسجد کے پیش امام طحہٰ حسنی نے بتایا کہ حملہ آور کی فائرنگ سے بچے محفوظ رہے۔