پنجاب میں جامع اقدامات سے چیلنجز پر قابو پا کر آگے بڑھ رہے ہیں: مریم نواز

باکو:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں جامع اقدامات سے چیلنجز پر قابو پا کرآگے بڑھ رہے ہیں۔

آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ورلڈ اربن فورم سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ فورم میں شرکت پر خوشی ہے، پاکستان کی قیادت اور عوام کی طرف سے محبت کا پیغام لائی ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ بھرپور مہمان نوازی پر آذربائیجان کی قیادت کی مشکور ہوں، صدر الہام علیوف کی قیادت میں آذربائیجان کی ترقی قابل تحسین ہے، آذربائیجان کے بانی صدر حیدر علیوف پاکستان کے سچے دوست تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ  پنجاب میں جامع اقدامات سے چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں، شہر صرف سڑکیں عمارتیں نہیں، انسانوں کی ترقی سے منسلک ہوتے ہیں، سماجی اور معاشی اعداد شمار کیلئے پنجاب اکنامک رجسٹری سروے کا آغاز کیا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ ہاؤسنگ کے شعبے میں ’ اپنی چھت اپنا گھر‘ کا انقلابی منصوبہ شروع کیا گیا، ماڈل ویلیج کے تحت صوبے میں 2 ہزار دیہاتوں کو جدید سہولتوں سے آراستہ کر رہے ہیں، دیہی علاقوں کی ترقی مساوی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اہم ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ روابط میں اضافے کیلئے شاہراہوں اور بنیادی ڈھانچے کو ترقی دے رہے ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے انفرااسٹرکچر کو ترقی سے رہے ہیں، سیاحت کے شعبے کی ترقی پر توجہ مرکوز ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ایس سی او نے بھی لاہور کو اہم ثقافتی شہر قرار دیا ہے، ستھرا پنجاب میگا پروجیکٹ کے تحت صفائی کا جامع نظام مرتب کیا گیا ہے، صاف ماحول کی فراہمی بھی اہم حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، سموگ پر قابو پانے کے لیے انقلابی اقدامات کیے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں