بروقت اقدامات: جون میں بجلی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا: ترجمان پاور ڈویژن

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجلی صارفین کیلئے خوشخبری سنا دی گئی، ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق بروقت موثر اقدامات سے جون میں بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔

ترجمان نے کہا کہ بجلی صارفین کو 5 سے 6 روپے فی یونٹ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے بوجھ سے بچا لیا گیا ہے، ایل این جی کی بندش اور مہنگے فرنس آئل کے استعمال کے باوجود بجلی صارفین پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔

پاور ڈویژن کے ترجمان نے بتایا کہ پاور ڈویژن نے صارفین کو ممکنہ 38 ارب روپے کو اضافی بوجھ سے بچالیا ہے، ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کو 1.73 روپے فی یونٹ کے اضافے پر روکا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق پالیسیوں کے تسلسل، بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافے اور سپیشل پیکیج کی بدولت صارفین کو ریلیف دیا گیا ہے، مقامی گیس کی اضافی فراہمی اور درآمدی کول پلانٹس سے پیداوار سے لوڈ مینجمنٹ کو کم کیا گیا۔

پاور ڈویژن کے ترجمان نے بتایا کہ پہلی سہ ماہی میں بجلی صارفین کو 65 ارب روپے کی واپسی ممکن ہوئی ہے، پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی بدولت صارفین کو 1.93 روپے فی یونٹ ریلیف دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ نے نہ صرف ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے اثرات کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے بلکہ انتہائی مشکل حالات کے باوجود مزید ریلیف بھی فراہم کیا ہے۔

پاور ڈویژن کے ترجمان نے بتایا کہ آئندہ ماہ ریفرنس ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا، بلکہ تقریباً 20 پیسے تک ریلیف ملنے کی توقع بھی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں