دو دن مسلسل بیٹنگ کریں تو میچ جیت سکتے ہیں: عمر گل

سلہٹ: (دنیا نیوز) پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل نے کہا کہ ہمارے پاس دو دن موجود ہیں امکان ہے کہ بارش بھی ہو جائے گی، اگر ہم دو دن مسلسل بیٹنگ کریں تو موقع ہے کہ میچ جیت سکتے ہیں۔

سلہٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل نے کہا کہ اتنا کم وقت نہیں کہ میچ ڈرا ہوسکے، دونوں ٹیموں کے پاس میچ جیتنے کا موقع ہے، ہم ذہنی طور پر ہدف حاصل کرنے کے لئے تیار ہیں اور کوشش بھی کریں گے

عمر گل نے کہا کہ 437 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لئے دو سے تین اچھی پارٹنرشپس لگنی چاہئیں، کرکٹ میں ہر چیز ممکن ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے دن پچ بولرز کے لیے سازگار تھی، نمی تھی اور سوئنگ بھی تھا، دوسرے اور تیسرے روز بیٹرز کو کافی مدد ملی، بنگلا دیش کے بیٹرز نے اچھی بیٹنگ کی، ہم نے ریویو کی سہولت ٹھیک طریقے سے حاصل نہیں کی۔

عمر گل کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں بولرز کی سپیڈ ٹھیک تھی، ریڈ بال میں بولرز کی سپیڈ نیچے آجاتی ہے، بدقسمتی سے ہم زیادہ ٹیسٹ میچز نہیں کھیلتے جس کی وجہ سے بولرز کا ردھم نہیں بنتا۔

انہوں نے کہا کہ بولرز نے کوشش کی 6 دن فیلڈ پر رہیں، پہلے ٹیسٹ میں 40 سے زیادہ اوورز پیسرز نے کیے، ہم چھ ماہ بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہے ہیں، پی ایس ایل کھیلنے والوں کو پریکٹس کا موقع نہیں ملا۔

عمر گل نے کہا کہ کل صبح اٹھ کر سوشل میڈیا پر دیکھا تو شاہین اور میرے متعلق گفتگو ہو رہی تھی کہ شاہین کوچ کی بات نہیں مان رہا۔

انہوں نے کہا کہ شاہین باہر بیٹھا ہوا تھا اس کے ساتھ گفتگو کی تھی کہ حسن کے سر پر گیند لگی ہے آپ چلے جاؤ، دیکھنے میں ایسے لگ رہا کہ شاہین کہہ رہا ہے کہ اس کا دماغ ٹھیک نہیں ایسا کچھ نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں